اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور الاؤنس سے متعلق بڑی خبر

  • June 16, 2020, 3:18 pm
  • Business News
  • 199 Views

اسلام آباد: اراکین پارلیمنٹ کے لیے تنخواہ اور الاؤنس ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور الاؤنس سے متعلق ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

بل کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو 25 ٹریول ووچرز ملیں گے، ارکان پارلیمنٹ کو پہلے سالانہ 25 ایئر ٹکٹس کی اجازت تھی، اس سہولت سے رکن پارلیمنٹ کی بیوی اور 18 سال سے کم عمر کے بچے مستفید ہوں گے۔

چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ بزنس کلاس ایئر ٹکٹ کو ٹریول ووچرز میں تبدیل کیا گیا ہے، ٹریول ووچرز کی سہولت سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔

انھوں نے وضاحت کی کہ ایوان بالا کے تمام اراکین امیر نہیں ہیں، سفر نہ کرنے کی صورت میں ایئر ٹکٹ کی سہولت ختم ہو جاتی تھی، اب ارکان پارلیمنٹ ٹریول ووچرز کی سہولت کسی بھی وقت استعمال کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو اس سے قبل سال میں 25 ایئر ٹکٹس ملتے تھے، اگر اراکین انھیں استعمال میں نہیں لاتے تھے یا استعمال کی ضرورت نہ پڑتی، تو سال ختم ہونے پر یہ ناقابل استعمال ہو جاتے، موجودہ ٹریول ووچرز سے یہ مسئلہ ختم ہو گیا ہے۔