کورونا کا وار، لاہور کے 81 علاقے آج رات 12 بجے سیل کردیئے جائیں گے

  • June 16, 2020, 4:33 pm
  • COVID-19
  • 188 Views

لاہور : لاہور میں کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں کو مکمل طور پر سیل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، نو ٹاؤن کے اکیاسی علاقے آج رات بارہ بجے سے پندرہ روز کے لئے سیل کردیئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کورونا کا گڑھ بنا گیا، کورونا پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لاہور کے 81 علاقے آج رات سے سیل کردیئے جائیں گے ،غیر ضروری آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی، میڈیکل اور کھانے پینے کی چیزوں کے علاوہ تمام کاروبار بند رہے گا۔

گلبرگ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن ،گارڈن ٹاؤن ،عزیز بھٹی ٹاؤن،شالیمارٹاؤن اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے مخصوص علاقوں میں پولیس اہلکار پہرہ دیں گے ضروت پڑی تو کنٹینر لگا کر راستے اور گلیاں بند کی جائیں گی۔

دکانوں کے شٹر رہیں گے ڈاؤن ایمرجنسی کے سوا کی کسی کو گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں ملے گی جبکہ میڈیکل،جنرل اسٹورز اور دودھ کی دکانیں صبح نو سے رات آٹھ بجے تک کھلی رہیں گی ، سماجی دوری کا خیال رکھنا ضروری ہوگا ورنہ جرمانہ ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق پندرہ روز تک صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو لاک ڈاؤن کا دائرہ دیگر علاقوں تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

ملک کے دوسرے بیس شہروں کو بھی کوروناکے حوالے سے حساس ترین قرار دے دیا گیا، جن میں کراچی،لاہور،پنڈی،پشاور،کوئٹہ،فیصل آباد،حیدرآبادشامل ہیں۔