کراچی: 2 بچیوں کو پیٹرول چھڑک کر جلانے والا باپ گرفتار

  • June 18, 2020, 11:40 am
  • Breaking News
  • 112 Views

کراچی کی پولیس نے لائنز ایریا کے علاقے میں 2 بچیوں کو پیٹرول چھڑک کر جلانے والے ان کے باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے تفتیشی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرفتار ملزم شوکت کو صدر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ 29 مئی کو ملزم نے گھر میں گھس کر آگ لگائی تھی، آگ لگنے سے 7 سالہ ایمان اور نور فاطمہ جھلس گئی تھیں۔

تفتیشی حکام نے مزید بتایا کہ ملزم سابقہ بیوی سے دوبارہ شادی کرنا چاہتا تھا، خاتون کے انکار پر اس نے خاتون کو قتل کرنے کی کوشش کی۔

تفتیشی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس کی ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ زخمی بچیوں کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں ملزم شوکت نے 6 جون کو سابقہ بیوی کے گھر کو آگ لگا دی تھی۔

گھر میں آگ لگنے سے دو بچیاں 7 سال کی ایمان اور 10 سال کی نور فاطمہ جل گئی تھیں۔

سابقہ بیوی کے گھر کو آگ لگانے والے ملزم شوکت کےخلاف بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزم شوکت جھلسنے والی دونوں بچیوں کا باپ ہے جو آگ لگانے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی سابقہ بیوی صوبیہ نے طلاق کے بعد دوسری شادی کی تھی، جو کہ اب 2 بیٹیوں، بیٹے اور شوہر کے ساتھ لائنز ایریا میں رہائش پذیر ہے۔