معروف ٹی وی اینکر طارق عزیز کا انتقال سے قبل آخری ٹویٹر پیغام

  • June 18, 2020, 12:50 pm
  • Entertainment News
  • 151 Views

معروف ٹی وی اینکر طارق عزیز کا انتقال سے قبل آخری ٹویٹ منظر عام پر آیا ہے جس سے آخری لمحات میں ان کی بے بسی کے عالم کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ٹویٹر پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ يوں لگتا ہے وقت تھم گیا ہے رواں دواں زندگی رُک گئی ہے، کئی دنوں سے بستر پر لیٹے لیٹے سوچ رہا ہوں کہ آزادانہ نقل و حرکت بھی مالک کی کتنی بڑی نعمت تھی۔
نہ جانے پرانا وقت کب لوٹ کے آتا ہے، ابھی تو کوئی امید نظر نہیں آرہی۔ اس کے علاوہ اپنی وفات سے دو دن قبل انہوں نے ٹویٹر پیغام میں کلمہ شہادت بھی شیئر کیا تھا۔



ان کے پیغام سے یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ آخری چند دنوں میں گھر می رہنے کی وجہ سے وہ بیزاری کا شکار ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دنیا بھر میں جانی مانی شخصیت اور ہر پاکستانی کی دلعزیز شخصیت طارق عزیز جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے ۔

معروف ٹی وی میزبان چند دنوں سے علیل تھے اچانک طبیعت خراب ہونے پر نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔طارق عزیز کا انتقال بدھ کے روز ہوا۔ ان کے انتقال کی خبر کی تصدیق ان کے بیٹے نے بھی کی ہے۔طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے۔طارق عزیز نے کئی فلموں میں بھی اداکاری کی ۔انہوں نے 60 اور 70 کی دہائی میں کئی فلموں میں اداکاری کی۔
انہوں نے ریڈیو پاکستان سے کیرئیر کا آغاز کیا۔پی ٹی وی کا خبر نامہ پڑھنے والے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز بھی طارق عزیز کوحاصل ہے۔طارق عزیز پی ٹی وی کے کوئز شو نیلام گھر کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔ جو 1974 میں نشر ہوا تھا ، بعد میں اس کا نام بدل دیا گیا۔ان کے پروگرام کا نام طارق عزیز شو اور بعد میں بزم طارق عزیز کے نام سے جانا جاتا تھا۔وہ 1997 سے 1999 کے درمیان پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔طارق عزیز کے انتقال کی خبر سے مداحوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے جب کہ شوبز انڈسٹری اور دیگر شخصیات بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔