چینی کمپنیوں سے معاہدہ، عاصم سلیم باجوہ نے سرمایہ کاری اورروزگار کے حوالے سے بڑی خبر سنادی

  • June 18, 2020, 3:14 pm
  • Breaking News
  • 110 Views

ٹیکسلا: چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ ایچ ایم سی اورچینی کمپنیوں کے درمیان معاہدے سے نئی سرمایہ کاری آئے گی، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، دوسرے مرحلے میں لاکھوں نوجوانوں کوروزگار ملے گا اور معیشت پر مثبت اثرات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا آج کادن تاریخی ہے،معاہدے سے صنعتوں کو فروغ ملےگا، معاہدے سے نئی سرمایہ کاری آئے گی، سی پیک دونوں ملکوں کےبرادرانہ تعلقات کاعکاس ہے، اس سے پاکستان اورخطےکیلئےخوشحالی آئے گی۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سی پیک کے فیزون معاہدوں کو تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے، فیز ٹو میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جائے گی اور نئے ٹریک بنائےجائیں گے، جس سے ریلوے کی کارکردگی اور رفتارمیں تیزی آئے گی۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بھرپور صلاحتیں رکھتے ہیں، فیز ٹو کے تحت زراعت کے جدید طریقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، سی پیک ایک حقیقت کی شکل میں سامنے ہے، توانائی کے 8 منصوبے مکمل اور 9 زیرتکمیل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ ایم سی اورچینی کمپنیوں میں معاہدےتاریخی اہمیت کے حامل ہیں، ایچ ایم سی 50سال سے ملکی ضروریات پوری کرنے میں مصروف ہے، انجینئرنگ کے شعبے میں ایچ ایم سی کا اپنا اہم کردار ادا ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ پاک چین مثالی دوستی سے سب مستفید ہورہے ہیں، سی پیک ہماری آہنی بھائیوں کی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ تعلقات اقتصادی تعاون، باہمی شراکت داری میں بدل چکے ہیں، سی پیک آج دونوں ممالک کیلئے خاص اہمیت کا حامل ہے اور ہر پاکستانی کی محبت کی عکاسی کرتا ہے۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ ہرمنصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے، سی پیک کے منصوبوں میں ہر رکاوٹ کو دور کرکے آگے بڑھا رہے ہیں ، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کراچی سے پشاور 1800 کلومیٹر سے لمبی ریلوے لائن ایم ایل ون شامل ہے، حویلیاں میں ڈرائی پورٹ بنائی جائے گی اور ریلوے کو اپ گریڈ کرکے منافع بخش بنایا جائے گا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ہر صوبے میں خصوصی اقتصادی زونز بنا رہے ہیں، 3 اقتصادی زونز رشکئی، دھابیجی اور فیصل آباد میں بن رہے ہیں، تمام شعبوں میں ایچ ایم سی کا اہم کردار ادا ہوگا، مشینری اورانجینئرنگ کے حوالے سے تعاون کی ضرورت ہوگی۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا دوسرے مرحلے میں لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا جبکہ معیشت پر بہتراور بھرپور مثبت اثرات ہوں گے، ہمارے نوجوان ذہین اور محنتی ہیں، دوسرے مرحلے میں قرضوں کی بجائےبزنس معاہدوں پرتوجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی انقلاب میں انسانی وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے گا ، زراعت کی ضروریات کیلئے ایچ ایم سی سے بھاری مشینری بنوائی جائے گی، مقامی طورپرمشینری بننے سے بھاری زرمبادلہ بچے گا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ سی پیک میں سائنس و ٹیکنالوجی کا خصوصی کردار ہے، کورونا وبا بھی سی پیک منصوبوں کو متاثر نہیں کرسکے گی، توانائی شعبے میں ایک منصوبہ مکمل ہوچکا، 9تکمیل کے مراحل میں ہیں، اربوں ڈالرز کے یہ منصوبے ملکی تقدیر بدل دیں گے۔