حدیقہ کیانی کا ’’ارطغرل غازی‘‘ کو منفرد انداز میں خراج تحسین

  • June 20, 2020, 1:48 pm
  • Entertainment News
  • 137 Views

کراچی: نامور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ترکش ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پاکستانی تاریخی ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے دیوانے ہوگئے ہیں اور سوشل میڈیا پر اکثر اس ڈرامے اور ڈرامے کے فنکاروں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پسند کرنے والوں میں عام عوام کے ساتھ پاکستان کی مشہور گلوکارہ حدیقہ کیانی بھی شامل ہیں۔

حدیقہ کیانی نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر ایک ترک گانا شیئر کیا جسے انہوں نے 2005 میں ترکی کے شہر استنبول میں اے کے ایم اوپیرا ہاؤس میں گایا تھا۔ اس گانے کو شیئر کرنے کے ساتھ حدیقہ کیانی نے لکھا مجھے 2005 میں یہ گانا گانے کا اعزاز حاصل ہو اتھا۔ اور اب میں نے ’’دیریلش ارطغرل‘‘ سیریز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیےایک بار پھر اس گانے کو ترتیب دیا ہے۔

اس کے علاوہ حدیقہ کیانی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات اور رشتے کو ہمیشہ مستحکم رہنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔


واضح رہے کہ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ اس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ ان کا نام ارطغرل تھا اور انہيں ارطغرل غازی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ ایک خانہ بدوش قبیلہ قائی کے سردار تھے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ 13 ویں صدی کے ترک سپہ سالار ارطغرل غازی نے نہ صرف منگولوں اور صلیبیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا بلکہ کئی کامیابیاں اور فتوحات بھی سمیٹیں۔


یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی اس ڈرامے کو اردو میں ڈب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ہمارے نوجوان اسلامی اقدار، ثقافت اور فتوحات سے روشناس ہوسکیں۔