پاکستان ریلوے مزدور اتحاد نے ٹرین آپریشن بند کرنے کی دھمکی دے دی

  • June 20, 2020, 3:21 pm
  • National News
  • 98 Views

پاکستان ریلوے مزدور اتحاد نے ٹرین آپریشن بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنےاورنوکریوں سےنکالنےکےخلاف احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے جس میں قائدین کی جانب سے بات کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا، مزدوروں کی بات کرنےوالےوزیراعظم ان سےدو وقت کی روٹی نہ چھینیں۔
ریلوے مزدور یونین کےقائد سرفراز خان اور مرکزی صدرعنایت علی گجرسمیت دیگر رہنمائوں نےحکومت کی جانب سے مزدوروں کو نکالنےکےلیےلسٹیں تیار کرنےکو مزدور کش اقدام قرار دے دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا تو احتجاج تحریک چلائیں گے۔ اس حوالے سے احتجاج کرنے والے ارکان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کی طرح مزدوروں کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کرے ورنہ اپنے جائز مطالبات کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت نے بجٹ پیش کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ صرف سندھ حکومت نے مزدوروں کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی مزدوروں،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا کی وجہ سے سمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے روزگار بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔
ان پابندیوں کی وجہ سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن اس سال کے بجٹ میں مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیکن اب حالات سے تنگ آ کر پاکستان ریلوے مزدور اتحاد نے ٹرین آپریشن بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ ان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا، مزدوروں کی بات کرنےوالےوزیراعظم ان سےدو وقت کی روٹی نہ چھینیں، اگر حکومت نے تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا تو احتجاج تحریک چلائیں گے۔