ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے حکومت کا اہم فیصلہ

  • June 21, 2020, 12:25 pm
  • Education News
  • 158 Views

ملک میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے حکومت کا اہم فیصلہ۔ وفاقی وزارت تعلیم نے اسکول کھولنے کے لیے صوبوں سے تجاویز طلب کر لیں، بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس بھی طلب کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ملک میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے ٹرائل بنیادوں پر ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے صوبوں سے تجاویز طلب کر لی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزارت تعلیم نے صوبوں سے تجاویز طلب کرنے کے ساتھ ساتھ 2 جولائی کو بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس بھی طلب کر لی ہے جس میں تجاویز طلب کی جائیں گی کہ تعلیمی سرگرمیوں کو کس طرح بحال کیا جائے۔ اس متعلق وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے صوبوں کو 23 جون تک مکمل پلان تشکیل دے کر بھجوانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیاں جمود کا شکار ہیں۔ اقوام عالم میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے بے چینی پائی جاتی ہے۔