حکومت نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کا منصوبہ نکال دیا

  • June 22, 2020, 1:10 pm
  • Business News
  • 121 Views

وزیر خزانہ بلوچستان ظہور بلیدی کہتے ہیں کہ بلوچستان میں بارڈر ٹریڈ کے لئے 13 مقامات پر سرحدی مارکیٹیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کی فیڈرل پی ایس ڈی پی سے کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ نکال دیا ہے۔

کوئٹہ میں پوسٹ بجٹ بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 465 ارب روپے ہے جبکہ گزشتہ سال 419 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا۔ اس وقت 56 پرانی اور 900 نئی ترقیاتی اسکیموں کو پی ایس ڈی میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے صحت توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ٹیکس چھوٹ دی، بلوچستان اینڈومنٹ فنڈ کے تحت 1ہزار افراد مستفید ہوئے، تین ارب روپے سوشو اکنامک کے لئے انویسٹ کیے ہیں تاکہ وبائی امراض سے نمٹ سکیں۔ سرکاری ملازمین کے لئے ایک ارب کی ہیلتھ انشورنس اسکیم لا رہے ہیں، ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے 56 کروڑ روپے رکھے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ صحت کا بجٹ 40 فیصد بڑھایا ہے، اٹھتیس بوائز و گرلز انٹر کالجوں کو اپڈیٹ کر دیا ہے، گزشتہ سال کی ترقیاتی اسکیموں کے لئے 75 فیصد رقم جاری کر دی. کوئٹہ حکومت نے بارڈر ٹریڈ کے لئے تیرہ مقامات پر سرحدی مارکیٹیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ خزانہ کے حکام نے کہا کہ وفاق کے بغیر بلوچستان ترقی نہیں کرسکتا، اس سال این ایف سی کی مد میں بلوچستان کو 30 ارب روپے کم ملیں گے جبکہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ بھی فیڈرل پی ایس ڈی پی سے نکال دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے مزید کہا کہ بجٹ خسارے کو ٹیکس کا نظام بہتر بنا کر کور کریں گے، بلوچستان کے لئے نیا فنانشل ایکٹ لا رہے ہیں، صوبے کے لئے نیا فنانس ایکٹ لانے سمیت بلوچستان ریونیو ایک میں بھی ترمیم کریں گے۔