پنجاب حکومت نے میٹرک امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا

  • June 23, 2020, 1:30 am
  • Education News
  • 115 Views

پنجاب حکومت نے میٹرک امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا، رواں ہفتے پرچوں کی دوبارہ مارکنگ شروع ہوگی، تھیوری کی بنیاد پر پریکٹیکل کے نمبر دیئے جائیں گے، نتائج کا اعلان ستمبر میں ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے محکمہ تعلیم نے میٹرک کے امتحانات کے نتائج جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجا یاسر ہمایوں کی جانب سے خصوصی اعلان کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ صوبے کے تعلیمی بورڈ کی جانب سے کروائے گئے میٹرک کے نتائج کا اعلان ستمبر میں کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس لاک ڈاون کے باعث پرچوں کی چیکنگ رکی ہوئی تھی۔ رواں ہفتے میٹرک کے پرچوں کی دوبارہ مارکنگ شروع کر دی جائے گی۔
لاک ڈاون کے باعث طلباء کے پریکٹیکل نہیں ہو پائے تھے، اس لیے تھیوری کی بنیاد پر پریکٹیکل کے نمبر دیئے جائیں گے۔ راجہ یاسر ہمایوں کا کہنا ہے کہ اجازت ملتے ہی 90 روز میں میٹرک نتائج کا اعلان کر دیں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز سے رجسٹر 10 لاکھ سے زائد طلبہ میٹرک نتائج کے منتظر ہیں۔ صرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2 لاکھ 75 ہزار طلبہ نے میٹرک کے امتحانات دے رکھے ہیں اور اپنے نتائج کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزارت تعلیم نے بھی ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کیلئے غور و فکر شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے 2 جولائی کو اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام صوبوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے صوبائی حکومتوں سے تجاویز طلب کی جائیں گی۔ جبکہ وفاقی وزارت تعلیم اسلام آباد میں ماڈل ایس او پیز کے تحت تجرباتی بنیادوں پر تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے غور و فکر کر رہی ہے۔