بھکر میں مردہ انسانوں کا گوشت کھانے والے بھائی سزا مکمل ہونے پر رہا

  • June 23, 2020, 4:37 pm
  • Breaking News
  • 125 Views

بھکر میں مردہ انسانوں کا گوشت کھانے والے بھائی سزا مکمل ہونے پر رہا ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دونوں بھائیوں کو ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے سزا مکمل ہونے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔ جیل سے رہائی کے بعد علاقائی امن و امان کے پیش نظر انہیں لاہور میں رشتہ داروں کے گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھکر کے نواحی علاقہ کہاوڑ کلاں کے رہائشی دو بھائی عارف عرف اپھل فرمان عرف پھاما نے 2011 کے دوران علاقائی قبرستان میں دفن ہونے والی کینسر کی مریضہ نوجوان لڑکی کی لاش نکال کر گھر لائے تھے جس کے بعد وہ گھر میں اس کے اعضاء کاٹ کر سالن بنا رہے تھے، سالن بناتے وقت پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد چھاپا مارا گیا جس کے بعد دونوں بھائیوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔
تا ہم اس وقت اس جرم کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی قانون موجود نہ تھا، اس لئے دونون بھائیوں کو 2 سال بعد ہی رہا کر دیا گیا تھا۔ رہائی کے بعد 2013 میں ایک مرتبہ پھر دونوں بھائیوں نے 2 سالہ بچے کی لاش کو قبر سے نکال کر گھر لے آئے تھے۔ اس موقع پر دونوں بھائی بچے کا دھڑ پکا کر کھا چکے تھے جبکہ سر موجود تھا کہ پولیس نے ایک مرتبہ پھر دونوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا تھا جنہیں بعد ازاں سرگودھا خصوصی عدالت نے دس سال سزا کا حکم سنا دیا تھا۔
تا ہم دونوں بھائیوں کی سزا تین ماہ قبل مکمل ہو چکی تھی لیکن امن و امان کے پیش نظر ایک ماہ کی تین بار نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے اور تین ماہ مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے رہائی پر انہیں گزشتہ روز ان کے بھائی انتظار اور بھتیجے کامران کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اب ایک مرتبہ پھر امن و امان کے پیش نظر ہی انہیں لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ دونوں بھائیوں کو رہائی کے بعد لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ خاندانی افراد نے مشاورت کے بعد لیا ہے جس کے بعد بہت جلد انہیں بھکر سے لاہور بھیج دیا جائے گا۔