وزیراعظم نے پاکستان میں عالمی معیار کی پٹرولیم مصنوعات کے استعمال کی اجازت دے دی

  • June 24, 2020, 2:16 am
  • Business News
  • 149 Views

وزیراعظم نے پاکستان میں عالمی معیار کی پٹرولیم مصنوعات کے استعمال کی اجازت دے دی، یکم اگست سے پٹرول یورو 5 پر منتقل کر دیا جائیگا جبکہ ڈیزل جنوری2021 سے یورو 5 کے برابر چلا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرول و ڈیزل کی یورو 2 سے یورو 5 پر منتقلی کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پٹرول اور ڈیزل سے متعلق فیصلہ کیا کہ پاکستان میں پٹرول و ڈیزل کوالٹی یورو 2 سے یورو 5 تک بڑھائی جائے۔
وزیراعظم نے کابینہ کے اس فیصلے کی منظوری دی۔ اس حوالے سے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے 6 ماہ پہلے پٹرول کا معیار بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا جس پر اب عمل کیا جائے گا۔
یکم اگست سے پٹرول یورو 5 پر منتقل کر دیا جائیگا جبکہ ڈیزل جنوری2021 سے یورو 5 کے معیار پر منتقل کیا جائے گا۔ یکم اگست کے بعد آئل کمپنیوں کو صرف یورو 5 پیٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہو گی، جبکہ اگلے سال جنوری سے صرف یورو 5 ڈیزل درآمد کرنے کی اجازت ہو گی۔

بتایا گیا ہے کی اس وقت ملک میں 70 فیصد پٹرول اور 40 فیصد ڈیزل درآمد ہو رہا ہے۔ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہوگا جو یورو 2 سے یورو 5 پرمنتقل ہوگا۔ پاکستان میں اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں صرف یورو 5 ہی دستیاب ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ان مصنوعات میں سلفر کی کم مقدار کی وجہ سے فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں یورو 5 اعلی معیار کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی موجود یورو 2 پٹرولیم مصنوعات کے مقابلے میں زیادہ ہو سکتی ہیں۔