چین کی فوج نے لداخ میں 3 اہم اسٹریٹجک مقامات پر مکمل کنٹرول حاصل کر لی

  • June 28, 2020, 5:44 pm
  • World News
  • 141 Views

لداخ چین کی فوج نے لداخ میں 3 اہم اسٹریٹجک مقامات پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا، بھارتی فوج کی چین کی فوج کے ساتھ جھڑپ میں مزید 2 بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چین نے لداخ میں دولت بیگ اولڈی، گلوان ویلی کے اہم حصے کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ وادی گلوان لداخ اور اکسائی چین کے درمیان بھارت اور چین کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔
یہاں پر اصل کنٹرول لائن (ایل اے سی) اکسائی چین کو بھارت سے جدا کرتی ہے۔ یہ وادی چین کے جنوبی شنجیانگ علاقے اور بھارت کے علاقے لداخ تک پھیلی ہوئی ہے۔ اب چینی فوج نے علاقے میں مشقیں بھی شروع کردیں جبکہ بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ میں چینی فوج نے 2مزید بھارتی فوجی مار ڈالے ہیں۔ بھارت اور چین کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے ڈویژن کمانڈر سطح پر ہونے والی مذاکرات کے کئی دور ناکام رہے۔

دوسری جانب یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ چین نے بھارت سے جھڑپ سے قبل ہی مارشل آرٹس فائٹرز کو سرحد پر بھیج دیا تھا،چائنہ نیشنل ڈیفنس نیوز نے بتایا ہے کہ پانچ نئے ملیشیا ڈویژنز، ماؤنٹ ایورسٹ ٹارچ ریلے ٹیم کے سابق ارکان اور مکسڈ مارشل آرٹس کلب کے جنگجو 15 جون کو تبت میں لاسا کے مقام پر معائنے کے لیے پیش ہوئے تھے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں ماہ لداخ کے علاقے وادی گلوان میں بھارت کے ساتھ ہونے والی جھڑپ سے پہلے ہی بیجنگ نے اپنی بارڈر سکیورٹی فورس کو مضبوط کرنے کے لیے مارشل آرٹس اور پہاڑوں پر چڑھنے کے ماہر فوجی بھیج دیے تھے۔
لداخ کے علاقے میں چین اور بھارت کے درمیان کئی دہائیوں کے بعد رواں ماہ شدید ترین جھڑپ ہوئی تھی، جس میں بھارت کے 20 فوجی مارے گئے تھے۔ یاد رہے کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کنٹرول لائن پر موجودہ صورت حال اور چین کے ساتھ جاری کشیدگی پر ایک اعلیٰ درجے کا اجلاس بھی کیا تھا جس میں وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، چیف آف ڈیفینس سٹاف جنرل وپن راوت اور تینوں افواج کے سربراہ بھی شامل تھے۔