پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد کم ہونے لگی‘ملک میں1لاکھ 75ہزار افراد ہرسال وبائی زکام سے ہلاک ہوتے ہیں. عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ

  • June 30, 2020, 12:39 pm
  • COVID-19
  • 123 Views

ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاﺅ جاری ہے اور آج بھی مزید نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 337 تک پہنچ گئی جبکہ اموات 4 ہزار 304 ہوگئیں‘ جون کے آخری روز تک ملک بھر میں 899 نئے کیسز اور 47 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 96 مریض ایسے بھی تھے جو کورونا وائرس سے شفایاب ہوگئے.
عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد روز سامنے تو آرہے ہیں تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متاثرین کی تعداد کم ہوئی ہے اگر ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیں اس وبا کو 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے اور جون کا مہینہ اب تک کا سب سے تشویشناک ثابت ہوا ہے.
خیال رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے مارچ کے آخر تک ان کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی اور 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد 31 مارچ تک 26 اموات ہوئیں تھیں.

اپریل میں وائرس کے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور 30 تاریخ تک یہ تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 358 ہوگئیں مئی کے مہینے میں صورتحال مزید خراب ہوئی اور کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں جون کا مہینہ اب تک سب سے تشویشناک اس حساب سے تھا کہ 29 روز کے دوران ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد کیسز اور 2700 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا. آج 30 جون کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 723 نئے کیسز اور 46 اموات کا اضافہ دیکھا گیا سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 723 افراد متاثر ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار 501 ہوگئی‘اسی طرح صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 1727 تک جا پہنچی.
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 132 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا اعداد و شمار کے مطابق ان 132 نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 775 تک پہنچ گئی مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی تعداد 128 ہوگئی. گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 افراد متاثر ہوئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد1470 تک پہنچ گئی.
علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا کی وبا نے مزید لوگوں کو متاثر کیا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد ایک ہزار 65 تک پہنچ گئی. ملک میں نئے کیسز کے علاوہ صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے‘سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3 ہزار 96 افراد ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس سے شفایابی حاصل کی اس طرح ملک میں اب تک مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار 407 سے بڑھ کر 98 ہزار 503 ہوگئی.
ملک میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی تعداد2لاکھ9ہزار337ہے جن میں سے ایک لاکھ 6ہزار530فعال کیسز ہیں جبکہ ابھی تک4ہزار304افراد ہلاک ہوچکے ہیں اسی طرح ملک بھر میںصحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد98ہزار 503 ہے. ملک میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 81 ہزار 985 ہیں تو وہیں پنجاب میں 75 ہزار 501 تک کیسز پہنچ چکے ہیں صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 26 ہزار 115 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 426 ہے‘ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 775، گلگت بلتستان میں 1470 اور آزاد کشمیر 1065 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں.
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس کا پھیلاﺅ پاکستان میں شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 4 ہزار سے زائد ہیں. ادھر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او )کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ influenza (وبائی فلو) سے پاکستان میں ہرسال اوسطا1ایک75ہزار اموات ہوتی ہیں جبکہ 1کروڑ سے زائد افراد اس سے بیمار ہوتے ہیں ‘اسی طرح دنیا بھر میں کرہ ارض کی مجموعی آبادی کا9فیصد ہرسال influenza سے متاثرہوتا ہے جن میں سے3سے5لاکھ کی موت ہوجاتی ہے ‘امریکی وبائی امراض کے ادارے ”سی ڈی سی“کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال2017-18میں influenza کے شدید حملے سے 61ہزار امریکی شہری مرگئے تھے.