سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

  • June 30, 2020, 12:39 pm
  • Breaking News
  • 121 Views

سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سابق صدر کی عدم موجودگی پر عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا اس لیے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور 2 وزرائے اعظم نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی ہے۔ آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی پر تحائف میں ملنے والی گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے اور احتساب عدالت نے 15 مئی کو ابتدائی سماعت پر ملزمان کے سمن جاری کیے تھے۔
گزشتہ روز بھی کیس کی سماعت ہوئی تھی جس پر تینوں نامزد رہنماؤں میں سے ایک بھی پیش نہ ہوئے تھے۔

آج بھی صرف تینوں کے وکیل ہی کمرہ عدالت میں موجود تھے جس کے بعد سابق صدر کے خلاف قابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر آصف علی زرداری کے وکیل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میں سینئر وکیل ہوں اور عدالت میں بیان دے رہا ہوں کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے، فاروق نائیک نے مزید کہا کہ کورونا کے دن ہیں، آصف زرداری کی عمر بھی زیادہ ہے ان کے آنے سے لوگوں کا رش آجائے گا، اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آصف زرداری کوکورونا تو نہیں ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کے ان کی جانب سے میں یہاں موجود ہوں۔
تا ہم عدالت نے وکیل کی بات نہ سنتے ہوئے کہا ہے کہ کرمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا اس لیے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ عدالت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم تاریخ لمبی دے دیتے ہیں، لیکن آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوں۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ اس کیس میں تین ملزمان ہیں، عدالت نے نواز شریف کے بھی وارنٹ جاری کیے ہیں وہ برطانیہ میں موجود ہیں انہیں دفتر خارجہ کے ذریعے وارنٹ بھیجے جائیں۔ اس موقع پر معزز جج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی عدم پیشی پر اشتہار جاری کر رہے ہیں اور آصف زرداری کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیتے ہیں۔