یورپی یونین نے پی آئی اے کو اڑان بھرنے کی مشروط اجازت دے دی

  • July 1, 2020, 11:48 am
  • Business News
  • 131 Views

یورپی یونین نے پی آئی اے کو اڑان بھرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی سطح پر کی جانے والی کاوشوں کے بعد یورپی یونین نے پی آئی اے کو یکم تا تین جولائی برطانیہ اوریورپی ممالک میں اترنے اور وہاں سے اڑان بھرنے کی اجازت دے دی۔ یورپی ممالک کی پابندی کے بعد پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے ہنگامی طور پر تمام ممالک کے سفرا سے رابطہ کیا اور کئے جانے والے فیصلے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ کے رابطے کے بعد ہی پی آئی اے کو یکم تا تین جولائی برطانیہ اوریورپی ممالک میں اترنے اور وہاں سے اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ فیصلے کے بعد پی آئی اے کی اسلام آباد تا لندن اور واپسی کی پروازیں پی کے 785 اورپی کے 786 معمول کے مطابق آپریٹ کریں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز یورپی یونین ایئرسیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن6 ماہ کیلئے معطل کردیا تھا، ، آپریشن معطل ہونے پر پی آئی اے نے بھی پروازیں عارضی طور پرمنسوخ کردیں تھیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپین یونین ائیرسیفٹی ایجنسی کے خدشات دورکرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا تھا کہ جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے، وہ چاہیں تو بکنگ آگے کرالیں یا ریفنڈ حاصل کرلیں۔
دوسری جانب پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے اسکینڈل کے بعد قومی ایئرلائن کا جعلی ٹکٹ سکینڈل بھی سامنے آگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے عہدیداروں نے یورپ کے لیے خصوصی پروازوں کی جعلی ٹکٹس کی فروخت میں تقریباً 80 لاکھ روپے کمائے ہیں. پی آئی اے سیالکوٹ دفتر میں کچھ عہدیداروں نے رقم بنانے کے لیے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اٹلی اور پیرس کے لیے خصوصی پروازوں میں 50 یا اس سے زائد پرانے ٹکٹ ہولڈرز کو جگہ دی جبکہ پالیسی کے مطابق پی آئی اے کووڈ 19 وبا سے پہلے جاری ہونے والے ٹکٹس کے حامل مسافروں کو کسی مقام کے لیے ایڈجسٹ نہیں کرسکتی۔