اسٹاک ایکسچینج حملے میں استعمال گاڑی نجی ٹی وی کے ڈرامے میں دکھائی گئی

  • July 3, 2020, 1:54 pm
  • Breaking News
  • 164 Views

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی نجی ٹی وی کے ڈرامے میں نظر آگئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں زیر استعمال گاڑی بدھ کے روز نشر کیے جانے والے نجی ٹی وی کے ڈرامے میں دکھائی گئی۔

ذرائع کے مطابق حملے میں نیلے رنگ کی ٹیوٹا کرولا گاڑی نمبر بی اے پی 629 استعمال کی گئی تھی، نجی ٹی وی پر دو روز قبل نشر ڈرامہ ہل پارک کی پارکنگ میں شوٹ کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرامہ بدھ کے روز نشر ہوا اور ڈرامے کی ریکارڈنگ کب ہوئی تھی یہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں استعمال گاڑی دہشت گرد کے نام پر نکلی تھی، گاڑی ہل پارک کی پارکنگ میں کیا کررہی تھی، تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔


چند روز قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے خریدی گئی کار کے شو روم پر سیکیورٹی اداروں نے چھاپہ مارا تھا، چھاپے کے دوران شو روم کے مالک سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی سے متعلق شواہد تحویل میں لے لیے گئے تھے، شوروم کے مالک نے گاڑی کی ملکیتی دستاویزات اداروں کے حوالے کیں۔

خیال رہے کہ 29 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 7 افراد شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے تھے۔