صحت کی سہولتوں کو ناکافی قرار دینے والوں کے لیے افسوس ہوتا ہے، جام کمال خان

  • July 4, 2020, 8:21 pm
  • National News
  • 194 Views

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صحت کی سہولتوں کو ناکافی قرار دینے والوں کے لیے افسوس ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں کرونا شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ خوف اور خطرات کے باوجود طبی عملے نے ذمہ داریاں نمٹائی،الفاظ غم کا ازالہ تو نہیں لیکن خدمات کو یاد کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ صحت کی سہولتوں کو ناکافی قرار دینے والوں کے لیے افسوس ہوتا ہے،بلوچستان میں کم وسائل کے باوجود کرونا کا مقابلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ٹیسٹنگ سے لے کر علاج تک سب کچھ سرکاری سطح پر کیا گیا ہے،کرونا سے نمٹنے کے لیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تمام ٹیسٹنگ سرکاری اسپتالوں میں ہو رہی ہے،اس سے پہلے بلوچستان میں اس طرح کام نہیں ہوا جیسے ہونا چاہیے۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے بجٹ سے صحت کے شعبے کو بہت فائدہ ہوگا،ہیلتھ سیکٹر میں بڑی سطح پر آپ کو تبدیلی نظر آئےگی۔