چیئرپرسن ایف بی آر نوشین امجد کی چھٹی، جاوید غنی نئے چیئرمین تعینات

  • July 4, 2020, 8:28 pm
  • National News
  • 133 Views

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی چیئرپرسن نوشین امجد کو عہدے سے ہٹا کر محمد جاوید غنی کو چیئرمین تعینات کردیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستان کسٹمز کے گریڈ22 کے ممبر کسٹمز پالیسی جاوید غنی کو تین ماہ کیلئے چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کی منظوری دی۔ محمد جاوید غنی ایف بی آر بورڈ کے ممبر کسٹم پالیسی تھے۔ وہ ریگولر چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی تک فرائض سرانجام دیں گے۔
نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر کے عہدے سے ہٹا کر سیکرٹری نیشنل ہیری ٹیج اینڈ کلچر ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چئیرمین ایف بی آر کیلیے موجودہ ممبر ان لینڈریونیو آپریشن ڈاکٹر اشفاق احمد اور وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ احمد مجتبٰی میمن کے نام زیر غور ہیں۔

اپریل میں گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد کو شبر زیدی کی جگہ چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔ ان سے قبل شبر زیدی نے طبی بنیادوں پر عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرلی تھی۔ شبر زیدی کا کہنا تھا کہ وہ بیمار ہیں اور ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے۔

نوشین امجد کی تعیناتی کے وقت بھی نئے چیئرمین ایف بی آر کیلئے محمد جاوید غنی کا نام زیر غور آیا تھا تاہم قرعہ فال نوشین امجد کے نام نکلا۔