وفاقی اداروں میں ملازمت کرنیوالوں کے جعلی ڈومیسائل منسوخ کرینگے: جام کمال

  • July 5, 2020, 12:05 pm
  • National News
  • 150 Views

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کےکوٹہ پر وفاقی اداروں میں ملازمت کرنے والوں کے جعلی ڈومیسائل منسوخ کریں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کاجعلی ڈومیسائل کی منسوخی کافیصلہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے، پہلے کسی بھی حکومت نے جعلی ڈومیسائل کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

جام کمال خان نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنروں کو جاری ڈومیسائل کی اسکروٹنی کی ہدایت جاری کی گئی ہے، ڈپٹی کمشنرمستونگ نے400 جعلی ڈومیسائل منسوخ کئے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان بار کونسل نے وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر ہزاروں کی تعداد میں جعلی لوکل ڈومیسائل کے ذریعے تعیناتیوں پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

بلوچستان بار کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وفاق نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ سوتیلے پن کا مظاہرہ کیا ہے بلوچستان کے ساحل و وسائل پر وفاق کا کنٹرول ہے جس سے بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی پایا جا تا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر اس وقت ہزاروں کی تعداد میں جعلی لوکل ڈومیسائل ہولڈرز کو بلوچستان کے کوٹے پر تعنات کیا گیا اور یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے۔