بولان میڈیکل کالج کیلئے فنڈز کے اجرا کی سمری واپس

  • July 5, 2020, 12:07 pm
  • Health News
  • 290 Views

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بولان میڈیکل کالج میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کیلئے 2 ارب کے فنڈز کے اجرا کیلئے بھیجی گئی سمری واپس کردی۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں فنڈز کی فراہمی کے باوجود ان اداروں میں کئی دہائیوں سے مرمت کا کوئی کام نہیں کیا گیا، وزیراعلیٰ نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ابتدائی انکوائری کی فائنڈنگ سامنے لانے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے بولان میڈیکل کالج میں ہونے والے ترقیاتی کام کی نوعیت سے متعلق پیش کی گئی سمری پر تحریر کئے گئے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ظاہراً کام کی مقدار 2 ارب روپے کی خطیر رقم تک پہنچتی ہے تاہم اسپتالوں میں سہولیات ناکافی ہیں گویا کہ ان اداروں میں کئی دہائیوں سے مرمت کا کوئی کام نہیں کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اس امر کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ابتدائی انکوائری کی فائنڈنگ میں اگر انحراف اور عوامی خزانے کو نقصان پہنچنا ثابت ہوا ہو تو ذمہ داروں کے تعین اور مزید تحقیقات کے لئے ٹھوس سفارشات کے ساتھ کیس دوبارہ ارسال کیا جائے۔