بلوچستان کے کئی اضلاع میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے بارش جاری

  • July 6, 2020, 11:12 am
  • Weather News
  • 560 Views

بلوچستان کے کئی اضلاع میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے بارش جاری، مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے کئی اضلاع میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے بارش جاری ہے۔
جبکہ دارالحکومت کوئٹہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ جبکہ سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔ اس صورتحال میں امدادی کاروائیاں کر کے خطرناک علاقوں میں مقیم لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
ہرنائی میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی گھروں اور بازاروں میں داخل ہوگیا جس کے بعد لیویز فورس کے جوانوں نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت وسطی وجنوبی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، سندھ ،بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان ،گلگت بلتستان اور کشمیرمیں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں مون سون بارشوں کے سیزن کا آغاز ہوگیا ہے۔ جبکہ کئی علاقوں میں کل سے مون سیزن کا آغاز ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ، بالائی و وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے الرٹ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ مون سون کی موسلادھار بارشوں کے باعث کئی بڑے شہروں میں ارب فلڈنگ کا خدشہ ہے۔