سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن سے متعلق حکومت کا شاندار فیصلہ

  • July 7, 2020, 4:05 pm
  • Business News
  • 288 Views

سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تنخواہ اور پینشن 27 جولائی کو ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔جس کے تحت پنجاب حکومت کی جانب سے عید کے موقع پر سرکاری ملازمین کو تنخوائیں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن 27 جولائی کو ادا کر دی جائے گی۔جولائی کی تنخواہ اور پینشن عیدالاضحیٰ کے باعث 27 جولائی کو ہی جاری کی جائے گی، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کے لیے محکمہ خزانہ نے اے جی آفس کو ہدایت کر دی ہے۔دوسری جانب عیدالاضحی کے موقع پر کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے عیدالاضحی سے ایک ہفتہ قبل شہر کی تمام مارکیٹیں، کاروباری مراکز، شاپنگ مالز اور بازار بند کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے جبکہ اس اقدام کا حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبائی کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے کرونا کے فیصلوں کی روشنی میں کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ حکومت کا خیال ہے کہ عیدالاضحی پر مارکیٹوں اور بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھنے کی وجہ سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے۔ مارکیٹیں اور بازار بند ہونے کی صورت میں تمام خریداری مراکز 25 جولائی سے عیدالاضحی تک بند کئے جا سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالاضحی پر کرونا وائرس کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔ عیدالاضحی کی ۱ٓمد کے باعث قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے تمام مویشی منڈیاں 15 جولائی تک فنکشنل کر نے کی ہدایت کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے اور حفاظتی ،احتیاطی و تدارکی تدابیر کے تحت شہری حدود میں کوئی مویشی منڈی نہیں لگے گی جبکہ منڈیوں میں حکومتی ایس او پیز کے تحت ماسک،گلوز اور سماجی فاصلہ ضروری ہوگاجس کے ساتھ ساتھ آن لائن اور اجتماعی قربانی کی بھی اجازت ہوگی