نواب شاہ کی نوبیاہتا خاتون کی وومن تھانے میں پناہ، ورثاء کی تلاش

  • July 7, 2020, 4:06 pm
  • National News
  • 145 Views

وومن ویسٹ زون پولیس اسٹیشن کراچی کو نئی شادی شدہ لڑکی عروسہ کے ورثاء کی تلاش ہے۔

یہ لڑکی سندھ کے ضلع نواب شاہ میں قاضی احمد روڈ کی رہائش ہے۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ 6 ماہ قبل اس کی احمد نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔

شوہر نے چند ہفتوں میں ہی اسے مارپیٹ کرگھر سے نکال دیا تھا، وہ کچھ عرصہ پہلے ہی کراچی آگئی تھی۔

اسے کراچی ضلع سینٹرل کے شیلٹر ہوم میں داخل کرادیا گیا تھا۔ شیلٹر ہوم کی انتظامیہ نے اس کے ماموں کو تلاش کیا اور اسے ماموں کے حوالے کردیا۔ کچھ عرصے بعد ماموں نے بھی اس سے اظہار لاتعلقی کردیا جس کے بعد سے وہ پھر دربدر ہے۔

اب عروسہ نے وومن ویسٹ زون لیاقت آباد تھانے میں پناہ لی ہے۔ لڑکی کے مطابق ان کی والدہ کا انتقال ہوچکا ہے۔ اکلوتا بھائی بھی ڈھائی سال قبل فوت ہوچکا ہے۔

اس کا والد کہاں ہے؟ اسے کوئی پتہ نہیں۔ ایس ایچ او وومن ویسٹ زون لیاقت آباد عظمیٰ خان کے مطابق نواب شاہ پولیس سے رابطہ کرکے اس کے والد کو تلاش کیا جارہا ہے۔