تاجر قتل کیس:لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ پر فرد جرم عائد

  • July 7, 2020, 4:27 pm
  • Breaking News
  • 169 Views

کراچی:انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے تاجر کے اغواء برائے تاوان اور قتل کیس میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ پر فرد جرم عائد کردی تاہم مجرم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

سینٹرل جیل کراچی میں قائم انسداد دہشتگردی کی عدالت میں تاجر کے اغواء برائے تاوان اور قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو سخت سیکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر اورہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔

کمرہ عدالت پیشی کے دوران فاضل جج نے مجرم کو فرد جرم پڑھ کر سنایا، عدالت نے کہا آپ پر عبدالصمد کے اغواء برائے تاوان اور قتل کا الزام ہے، 10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور 70ہزار روپے لینے کے باوجود مغوی کو قتل کیا ۔

عدالت نے عذیر بلوچ پر فرد جرم عائد کردی،جس پر مجرم عذیر بلوچ نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

فرد جرم سناتے ہوئے فاضل جج نے عزیر بلوچ سے سوال کیا کہ کیا آپ اپنا جرم قبول کرتے ہیں ؟عدالت کے کٹہرے میں موجود عذیر بلوچ نے نفی میں سر ہلاکر صحت جرم سے انکار کردیا۔

عدالت نے مجرم کے انکار پر آئی او اور گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

عزیر بلوچ کو سینٹرل جیل میں قائم انسدادِدہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، اس موقع پر عدالت میں رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔

اس مقدمے میں عزیر بلوچ کا بھائی زبیر بلوچ و دیگر ملزمان بھی گرفتار ہیں، دیگر ملزمان پر پہلے ہی فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے۔