دعا منگی اغوا کیس کے ملزمان کرونا وائرس کا شکار ہو گئے

  • July 7, 2020, 4:32 pm
  • COVID-19
  • 192 Views

کراچی: دعا منگی اغوا کیس کے ملزمان کرونا وائرس کا شکار ہو گئے، جس کی وجہ سے انھیں عدالت میں کیس کی سماعت کے لیے پیش نہیں کیا جا سکا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج دعا منگی اغوا کیس کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی، ملزمان کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔

عدالت نے جیل حکام سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ ملزمان کو پیش کیوں نہیں کیا جا رہا۔ جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ چند ملزم کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اس لیے پیش نہیں کیا گیا۔

عدالت نے کہا جن ملزمان کو کرونا ہے ان کو ٹیسٹ کے بعد کرونا وارڈ منتقل کریں، اور جو کرونا میں مبتلا نہیں انھیں عدالت میں پیش کر دیں۔

یاد رہے کہ دعا منگی کو ڈیفنس سے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا، پولیس نے چالان میں تاوان کی ادائیگی کا اعتراف بھی کیا ہے۔

گزشتہ ماہ دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت کے دوران عدالت نے 3 مقدمات میں ملزمان کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، عدالت نے پولیس سے ملزمان کے خلاف پیش رفت رپورٹ بھی طلب کی تھی۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے بسمہ اور دعا منگی کو درخشاں کے علاقے سے اغوا کیا، دعا منگی کیس میں ملزمان کی شناخت پریڈ کرائی جا چکی ہے، بسمہ اغوا کیس میں شناخت پریڈ کرانی ہے، دعا منگی نے 2 ملزمان کو شناخت کیا، ملزمان نے مغویوں کے اہل خانہ سے تاوان وصول کیا، ملزمان کے دیگر ساتھی مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے۔