ڈاکٹرز نے استعفیٰ کیوں دیا؟ حقیقت سامنے آ گئی

  • July 7, 2020, 4:33 pm
  • COVID-19
  • 168 Views

لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں مخصوص ڈاکٹرز نے استعفیٰ دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شہباز گل نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹروں کے استعفوں کو اپوزیشن بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے، اصل میں ایڈہاک ڈاکٹروں نے استعفے دیے۔

شہباز گل نے مزید وضاحت کی کہ ایڈہاک ڈاکٹروں کی مدت پوری ہو گئی تھی جس پر انھوں نے استعفے دے دیے۔

انھوں نے کہا شہباز شریف ٹوئٹس سے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں، وہ حکومت پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنے کیسز کا سامنا کریں، وہ کرونا کے خلاف لڑنے آئے اور اب اسی کے پیچھے چُھپ رہے ہیں، واحد مریض ہیں جو ہفتوں بعد مزید 3 ہفتے اینٹی باڈیز ٹیسٹ کے لیے ضمانت مانگ رہے ہیں۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن فائٹرز کی بدولت کرونا قابو میں آ رہا ہے، وزیر اعظم نے فرنٹ لائن فائٹرز کو اعلیٰ خدمات پر سلام پیش کیا، حکومت نے تمام ڈاکٹروں کو حفاظتی آلات مہیا کیے، پنجاب حکومت نے ڈبل تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا

یاد رہے کہ دو دن قبل پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں سے 48 ڈاکٹرز نے استعفیٰ دے دیا تھا، مستعفی ہونے والے ڈاکٹرز میں میو اسپتال کے 14 اور جناح اسپتال کے 7 ڈاکٹرز شامل تھے۔

شہباز شریف نے آج اس پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ استعفے دینے والے ڈاکٹرز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت لوگوں کا اعتماد کھوتی جا رہی ہے۔