ایک ساتھ جہاز اڑا کر ریکارڈ بنانے والی دو پائلٹ بہنوں کا لائسنس معطل کر دیا گیا

  • July 8, 2020, 2:51 pm
  • National News
  • 256 Views

ایک ساتھ جہاز اڑا کر ریکارڈ بنانے والی دو پائلٹ بہنوں کا لائسنس معطل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے )میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملہ پر 34 پائلٹس کے لائسنس معطل کردئیے گئے ‘ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر لائسنسینگ نے معطلی کا نوٹیفکیشن اور معطل پائلٹس کی فہرست جاری کردی ہے ‘معطل کئے گئے پائلٹس میں ہما لیاقت،معاویہ محمد،سید محمود احمد،بابر درانی،عاصم عزیز،فیاض الرحمن،عابد حسین،فوہیر اکبربخاری،محمد نوید الحسن،فرخ اعظم چوہان،سید محسن علی،مہتاب طاہر نیازی،ارم مسعود،مریم مسعود،ماجد وسیم اختر،محمد احمد فاروقی،کامران اصغر،سید حیدر عباس،شیر افغان جوگزائی،عامر محمود،ارتضیٰ علی،محمد کاشف علی،عاطف منیر،فیصل محمود،احمد شفیق خواجہ،جہانزیب خان،حماد احمدخان،محمد عثمان لطیف،حمزہ امین چوہدری،فرح حسین،حیدر مختار،سید اسد جاوید نقوی اورآصف اقبال سومرو شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پائلٹس کے خلاف انکوائری مکمل ہونے تک ان کے لائسنس معطل رہیں گے۔معطل کیے جانے والے پائلٹس میں دو بہنیں بھی شامل ہیں جنہوں نے ایک ساتھ جہاز اڑا کر پوری دنیا میں مقبولیت سمیٹی تھی۔دونوں بہنوں نے بیک وقت بوئنگ 777 جہاز اڑا کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔ذرائع کے مطابق دو بہنوں ارم مسعود اور مریم مسعود کا لائسنس مشتبہ قرار دیا گیا تھا۔
مشتبہ لائسنس کی فہرست میں 115 نمبر پر ارم مسعود جب کہ 118 نمبر پر مریم مسعود کا نام درج ہے۔پائلٹ مریم مسعود کو پہلے سے ہی گراؤنڈ کرکے انکوائری کی جا رہی تھی۔انہوں نے گلگت میں جہاز کی لینڈنگ میں غفلت برتی تھی جس کےبعد طیارہ رن وے سے اتر گیا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 148مشکوک لائسنس کی فہرست پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوادی گئی اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سےزائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔