طلبا کیلئے اہم خبر ، یونیورسٹیاں کھولنے سے متعلق شیڈول جاری

  • July 8, 2020, 5:20 pm
  • Education News
  • 216 Views

پشاور:ہائر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹیاں کھولنے کا شیڈول جاری کردیا ، جس کے تحت یونیورسٹیاں 3 اگست سے 15ستمبر تک مرحلہ وار کھولی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے جامعات کھولنے کا شیڈول اور اقدامات کی فہرست جاری کردی ہے اور کہا جامعات3 اگست سے 15 اگست تک مرحلہ وار کھولی جائیں گی۔

ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ سینڈیکیٹ اور وائس چانسلر کو یونیورسٹی کھولنے کا اختیار ہے، جامعات کھولنے کے لیے ایس او پی جاری کردیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں انٹرنیٹ میں مسائل رکھنے والے طلبا اور اساتذہ کو بلایا جائے گا جبکہ فائنل ایئر،ہاؤس جاب کے طلبا کو دوسرے مرحلے میں بلایا جائے گا اور آخری مرحلے میں تمام طلباکو جامعات آنے کی اجازت دی جائے گی۔

ترجمان پشاوریونیورسٹی کے مطابق جامعہ پشاور نے سفارشات مرتب کرنے کے لئے کمیٹی بنائی ہے، یونیورسٹی کھولنے کے حوالے سے ابھی تک دو میٹنگز ہوئی ہیں، لائحہ عمل طے کرنے کے بعد یونیورسٹی کھول دی جائے گی۔

یاد رہے پنجاب کی جامعات کو مرحلہ وار کھولنے کیلئے سفارشات تیار کرلی گئی تھی، تمام وائس چانسلرز سے مشاورت کے بعد حکومت پنجاب نے سفارشات تیار کیں، ذرائع کا کہنا تھا کہ جامعات کو ٹائم لائن کے حساب سے کھولا جائے گا، جس میں ماسٹرز، پی ایچ ڈی کی کلاس پہلے مرحلہ میں شامل ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سفارشات تیار کرکے وفاق کو بھجوا دی ہیں، جامعات کھولنے کا حتمی فیصلہ وفاقی وزیر شفقت محمود اجلاس کے بعد کریں گے۔