کورونا وبا کی پیک کا وقت جون میں گزر چکا ہے، یاسمین راشد کا دعویٰ

  • July 10, 2020, 2:02 am
  • COVID-19
  • 230 Views

لاہور : وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لگ رہا ہے وبا کی پیک کا وقت جون میں گزر چکا ہے، سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے، لگ رہا ہے وبا کی پیک کا وقت جون میں گزر چکا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں زیادہ کیسز ہوں گے وہاں 2 ہفتے کا سخت لاک ڈاؤن ہوگا، لاہورمیں سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آئے، صحت مند ہونے والے شہریوں کوبھی احتیاط کرنا ہوگی، پلازمہ دینےکےلئےلاہورسمیت دیگر شہروں میں بینک قائم کئے ہیں۔

یاد رہے چند روز قبل وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے پنجاب کے تمام بلڈ بینکس کی انسپکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ تمام اضلاع میں بلڈ بینکس کی مانیٹرنگ کیلئے باقاعدہ فوکل پرسنز اور ڈسٹرکٹ بلڈ انسپکٹرز تعینات کئے جائیں گے۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کورونا کے مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پاکستان جلدہی کورونا وائرس سے پاک ہوجائے گا۔

خیال رہے کورونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی کے باعث کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ مریضوں اور شرح اموات میں بھی واضح کمی آئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اکسٹھ افراد انتقال کرگئے، اموات کی مجموعی تعدادچارہزارنوسوتیراسی ہوگئی جبکہ تین ہزارتین سوانسٹھ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

این سی اوسی کے مطابق ملک میں نوے ہزارپانچ سوچوون مریض زیرعلاج ہیں اور اب تک ایک لاکھ پینتالیس ہزارتین سوگیارہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔