جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات میں انوکھی چوری

  • July 10, 2020, 4:19 pm
  • National News
  • 168 Views

کراچی : جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات میں چور امتحانی نتائج ، اٹینڈنس شیٹس، مقالہ جات ، ملٹی میڈیا اور پروجیکٹ لے اڑے، سربراہ شعبہ کرمنالوجی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات میں انوکھی چوری کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں چور شعبہ انچارج کے دفتر سے اہم دستاویزات لے کر فرار ہوگئے ، اہم دستاویزات میں مقالہ جات،ملٹی میڈیا، پروجیکٹ اور امتحانی نتائج اور اٹینڈنس شیٹ شامل ہیں۔

سربراہ شعبہ کرمنالوجی غلام محمد برفت نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ 8 جولائی کو پیش آیا تھا ، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے ، اس سے قبل بھی شعبے میں ایسے واقعات ہوئے تھے تاہم وہ حل ہوگئے تھے ، لیکن اب دو دن ہو گئے ہیں ، میرے آفس کے دروازے اور تالے ٹوٹے ہوئے ہیں۔

سی سی ٹی سی کیمرو کی مدد سے چوروں کی نشاندہی کے سوال پر غلام محمد برفت نے کہا ہمارے شعبے میں کیمرے نہیں لگے، تو ہمیں نہیں پتہ چل سکا تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہے، میں نے متعلقہ اتھارٹی کو اس حوالے سے درخواست دے دی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر واقعے کی صحیح طرح سے تحقیقات کی جائے تو ملزمان آسانی سے پکڑے جاسکتے ہیں۔

سربراہ شعبہ کرمنالوجی نے انکشاف کیا کہ پہلے بھی گروپ کی جانب سے دھمکیاں دی جاتی رہی ہے ، ان لوگوں کے اپنے کچھ مقاصد ہوتے ہیں، یہ لوگ تشدد ، دہشت گردی اور کرپشن کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ لوگوں کو اس حوالے سے آگاہی دی جائے۔

غلام محمد برفت نے مزید کہا کہ کرمنالوجی شعبے کا بنیادی مقصد ہی تشدد کو ختم کرنا، اس بارے میں آگاہی دینا اور لوگوں کو کرپشن اور کرائم کے ‌‌حوالے سے باخبر رکھنا ہے۔

خیال ر رہے کہ جامعہ کراچی کے تمام شعبہ جات کرونا وائرس کے پیش نظر بند ہیں۔