سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی

  • July 10, 2020, 4:19 pm
  • COVID-19
  • 208 Views

کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، اب تک سندھ میں کرونا کے ایک لاکھ 900 مصدقہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں اب تک کرونا وائرس انفیکشن سے 1,677 اموات ہو چکی ہیں، اموات کی تعداد کے لحاظ سے سندھ پاکستان میں دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ مثبت کیسز کی تعداد کے لحاظ سے سندھ پہلے نمبر ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ سندھ میں 1538 نئے مصدقہ کو وِڈ 19 کیسز سامنے آئے، جب کہ 8 جولائی کو 1736 نئے کیسز سامنے آئے تھے، صوبے میں روزانہ 15 سو سے 2000 تک نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا انفیکشن سے سندھ میں مزید 40 افراد کا انتقال ہوا، 8 جولائی کو 23 مریضوں کا، 7 جولائی کو 42، جب کہ 6 جولائی کو 46 مریضوں کا انتقال ہوا تھا۔ سندھ میں کرونا سے اموات کی شرح پنجاب سے کم تاہم دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔

سندھ میں کرونا وائرس کے 57,627 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں صحت یابی کا تناسب زیادہ ہے، زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہے، اس وقت صوبے میں 41,596 مریض زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 22 سے بڑھ کر 23 فی صد ہو گئی ہے، جب کہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 1,090 ہو گئی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 6,750 ہے۔