پب جی اور ٹک ٹاک پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

  • July 13, 2020, 11:46 am
  • Science & Technology News
  • 184 Views

پشاور: خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت میں نوجوانوں نے ٹک ٹاک اور پب جی کے خلاف احتجاج کیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں شہریوں نے موبائل ایپلیکیشن ٹک ٹاک اور پلیئر ان نان بیٹل گراؤنڈ (پب جی) کے خلاف احتجاج کیا اور دونوں اپیس پر پابندی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا کہ ’حکومت ہمارے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے ٹک ٹاک اور پب جی پر عائد کی جانے والی پابندی کو برقرار رکھے۔‘

مظاہرے میں شریک ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ ’نوجوان ٹک ٹاک اور پب جی کے چکر میں اپنا قیمتی وقت ضائع کررہے ہیں، حکومت اس بات کا نوٹس لے کر ویڈیو شیئرنگ ایپ کو ملک بھر میں بند کردے تاکہ نوجوان نسل کو بچایا جاسکے‘۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یکم جولائی کو پب جی گیم پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’گیم پر مستقل پابندی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، ہمیں گیم کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں تھیں اور یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ نوجوانوں میں گیم کی وجہ سے خودکشی کا رجحان بڑھتا جارہا ہے‘۔