ملک بھر میں کورونا وبا کا پھیلاؤ 31فیصد سے کم ہو کر 6فیصد پر آگیا

  • July 15, 2020, 10:03 pm
  • COVID-19
  • 175 Views

ملک بھر میں کورونا وبا کا پھیلاؤ 31فیصد سے کم ہو کر 6فیصد پر آگیا،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) عثمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ پچیس فیصد تک کم ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ٹیسٹس کے نتائج کے مطابق پہلے وبا کا پھیلاؤ اکتیس فیصد تک پہنچ چکا تھا جو کہ کم ہو کر اب چھ فیصد پر آ چکا ہے۔
کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمود شوکت کا کہنا ہے کہ کیسز کی شرح میں کمی کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ ہم احتیاط کا دامن ہاتھ سے چھوڑدیں۔ امریکہ کی مثال ہمارے سامنے ہے وہاں پہلے کیسز میں کمی آئی لیکن پھر مظاہروں کے بعد کیسز میں دوبارہ تیزی آئی۔ ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
ڈاکٹر محمود شوکت نے واضح کیا کہ پاکستان میں اب تک ری انفیکشن کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

پی آئی سی کے ڈاکٹر آفتاب کو بھی پہلی مرتبہ ہی کورونا وائرس ہوا تھا۔ خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 21 ہزار 749 ٹیسٹ کیے گئے، سندھ میں 9 ہزار، پنجاب میں 7 ہزار 175، خیبرپختونخوا ایک ہزار 575، اسلام آباد میں 2 ہزار 333، بلوچستان میں 305، آزاد کشمیر میں 320 جب کہ گلگت بلتستان میں 69 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔
اب تک ملک بھر میں 16لاکھ 27 ہزار939 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں. گزشتہ 24 کے دوران مزید 67 افراد دم توڑ گئے ، اس طرح ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 386 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں 2 ہزار 43، سندھ میں ایک ہزار 863، خیبرپختونخوا ایک ہزار114، اسلام آباد میں 155، بلوچستان میں 127، آزاد کشمیر میں 46 اور گلگت بلتستان میں 38 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔