بلوچستان: اسمارٹ لاک ڈاؤن میں30 جولائی تک توسیع

  • July 15, 2020, 10:10 pm
  • COVID-19
  • 306 Views

وزارت داخلہ بلوچستان نے صوبے میں عائد اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 30 جولائی تک توسیع کردی ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کےمطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 15 روز کی مزید توسیع کی گئی ہے۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کی مدت میں آج دوپہر ختم ہوگئی تھی، توسیع کے بعد اب اسمارٹ لاک ڈاؤن 30 جولائی تک لگادیا گیا۔

محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز مارکیٹس، دکانوں، گودام، آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو ہفتہ سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت برقرار رہے گی جبکہ جمعہ کو تما م کاروبا ر بند رہیں گے۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق تندور، ڈیری پروڈکٹس شاپس، میڈیکل اسٹورز اور بلڈ بینکس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو بھی صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک آوے سروس کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تعلیمی ادارے، سنیما، فارم ہاوسز، شادی ہال، پکنک پوائنٹس بدستور بند رہیں گے۔

اعلامیے کے مطابق دس یا دس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنے، ریلی جلوسوں، ڈبل سواری، سماجی، سیاسی، مذہبی تقریبات پر بدستور پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جیل میں قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔