ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

  • July 17, 2020, 11:37 am
  • Political News
  • 244 Views

سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کا نام متحدہ مسلم لیگ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ متحدہ مسلم لیگ کے نام سے مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے صحافی و اینکر شاہزیب خانزادہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ باتیں سامنے آئی ہیں کہ مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو یکجا کر کے ایک متحدہ مسلم لیگ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سینئر صحافی حامد کی جانب سے اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔
حامد میر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسلم لیگ کے دھڑوں کویکجا کرنے کی سنجیدہ کوششیں ہو رہی ہیں۔

یہ کوششیں کچھ پرانے لیگیوں اور خود مسلم لیگ ن کی جانب سے کی جا رہی ہیں۔ حامد میر کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔ ماضی میں نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان معاملات طے کرنے کی کوششیں کی گئی تھیں، تاہم پرویز الہیٰ اور شہباز شریف کے اعتراضات کی وجہ سے معاملات آگے نہیں بڑھ سکے تھے۔ حامد میر کا مزید کہنا ہے کہ حکمراں جماعت تحریک انصاف کے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ان کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔
اب جو مسلم لیگ کے دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تو ایسے تحریک انصاف کے لوگوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، آپ کے علاوہ بھی آپشن موجود ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف بھی مسلم لیگ ن کے ناراض اراکین اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پنجاب اور وفاق میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے معاملات کچھ خراب ہوئے ہیں، اسی لیے حکمراں جماعت اب مسلم لیگ ن کے لوگوں کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔