حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 7 تا 10 فیصد اضافے کی اجازت دے دی

  • July 18, 2020, 12:24 pm
  • Business News
  • 125 Views

حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 7 تا 10 فیصد اضافے کی اجازت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ادویہ ساز کمپنیوں کو کنزیومر پرائس انڈیکس (سی ہی آئی) کے تحت ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دی جس کے بعد ڈریپ نے بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق فارما کمپنیز کو ادویات کی قیمت میں 7 تا 10 فیصد اضافے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈریپ نے وفاقی حکومت و ڈریپ کی پالیسی بورڈ کی منظوری و سفارش پر ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018ء میں ترمیم کی ہے جس کے بعد اب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق ہر سال وزارت قومی صحت کرے گی۔ دوسری طرف ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کی جانب سے شکایت کی جا رہی ہے کہ کورونا کی وجہ سے حالات پہلے ہی خراب ہیں، ایسے مشکل وقت میں اگر ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا تو لوگوں کے لئے صحت کا خیال رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
شہریوں نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قراردیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہے، اب مزید اضافہ نہ کیاجائے۔ خیال رہے کہ اس وقت پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا کی لپیٹ میں آچکا ہے جس کے بعد ایک مرتبہ پاکستان میں ادویات کی کمی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔ تاہم اب قیمتوں میں بھی مزید اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد عوام مزید مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق بنیادی ادویات کی قیمتوں میں 5.14 فیصد جبکہ دیگر تمام ادویات کی قیمتوں میں 7.34 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی تھی۔