ٹی وی لائسنس فیس میں تقریبا تین گنا اضافے کی منظوری

  • July 18, 2020, 12:28 pm
  • Business News
  • 155 Views

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی فیس میں 65 روپے کا اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی کی فیس 35روپے سے بڑھا کر100 روپے کردی جائے گی۔ حکومت نے وفاقی کابینہ سے بذریعہ سرکولیشن پی ٹی وی فیس بڑھانےکی منظوری لی ہے۔

حکومت صارفین سے پی ٹی وی کی فیس بجلی کے بلز میں وصول کرتی ہے اور اس فیصلے سے صارفین پر سالانہ 21 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
پی ٹی وی بجلی بلوں میں کٹوتی سے سالانہ ساڑھے 5 ارب ملنے کے باوجود خسارے کا شکار ہے۔ پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اربوں روپے کے خسارے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کیلئے لائسنس فیس بڑھانے کی تجویز دی تھی جو منظور کی گئی ہے۔

پی ٹی وی نے صارفین کے بجلی کے بلز میں شامل ٹی وی لائسنس کی فیس میں اضافہ کر کے اپنی آمدن میں اضافہ کرنے کی تجویز کا یہ جواز دیا ہے کہ دنیا بھر میں سرکاری نشریاتی اداروں کو حکومتیں ٹی وی لائسنس فیس کے ذریعے مدد کرتی ہیں تا کہ قومی بیانیے اور اتحاد کے لیے تعلیمی اور معلوماتی مواد کی ترویج کی جاسکے۔