بلوچستان میں کروناوائرس کے فعال کیسز 25 فیصد رہ گئے

  • July 19, 2020, 2:05 pm
  • COVID-19
  • 178 Views

کوئٹہ: محکمہ صحت بلوچستان نے کہا ہے کہ صوبے میں کروناوائرس کے فعال کیسز 25 فیصد رہ گئے، بلوچستان میں کرونا سے صحت یاب افراد کی شرح بڑھ کر74 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کی تازہ صورت حال سے متعلق اپنے بیان میں محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا تھا کہ مجموعی کرونا کیسز میں شرح اموات ایک فیصد رپورٹ ہوئی، گزشتہ روز وبا سے متاثرہ 86 مریض صحت یاب ہوئے۔

محکمہ نے بتایا کہ گزشتہ روز 333 ٹیسٹ میں سے 19 میں کرونا کی تصدیق ہوئی، صوبے میں مہلک وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد8399 ہوگئی، صوبے میں کوروناوائرس سے اموات کی تعداد 131 ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 63 ہزار 496 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 1,579 نئے کیسز سامنے آئے، جب کہ مزید 46 مریض جاں بحق ہو گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 263,496 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 5,568 ہو گئی ہے۔