سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 15سال رعایت کی مدت ختم کر دی گئی

  • July 20, 2020, 2:34 pm
  • Breaking News
  • 224 Views

سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 15سال رعایت کی مدت ختم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 15سال رعایت کی مدت ختم کر دی گئی۔ اس سے قبل 2018 میں سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 15سال رعایت دے دی گئی تھی جو کہ اب 30 جون کو ختم ہو گئی تھی۔
تاہم اب اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کی مدت ختم ہونے کے حوالے سے ملازمت کے حصول میں سرگرم اور درخواست گزاروں نے سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سے درخواست کی ہے کہ عمر کی حد میں رعایت کے نوٹیفکیشن کی مدت میں اضافہ کیا جائے کیونکہ کورونا وائرس کے باعث گزشتہ پانچ ماہ سے سرکاری ملازمت کے لیے جمع کرائے گئے فارم اور انٹرویوز اور نئی ملازمتوں کے اعلان میں تاخیر کی وجہ سے وہ تمام افراد رعائیت سے فائدہ نہیں اٹھا سکے جو کہ اس کے حقدار تھے۔
تاہم اس بارے میں صوبائی وزیراطلاعات مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ انہیں اس بارے کسی قسم کی اطلاع نہیں ہے۔ خیال رہے کہ دوسری جانب گردشی خبروں میں کہا جا رہا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر بھی کم کرنے کے حوالے سے غور کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا تھا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ تاہم معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب نے کہا تھا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال مقرر نہیں کر رہی، ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، سرکاری ملازمین کو پنشن اور مراعات کے بغیر ریٹائر کرنے کی خبریں بھی درست نہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال مقرر کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں۔