ڈاكٹر قیصر بنگالی بلوچستان سے این ایف سی ایوارڈ كے غیر سركاری ركن مقرر

  • July 24, 2020, 12:02 pm
  • National News
  • 144 Views

کوئٹہ: ماہر معاشیات ڈاكٹر قیصر بنگالی كو بلوچستان حکومت کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ كا غیر سركاری ركن مقرر كردیا گیا۔

اس حوالے سے وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور بلیدی نے سماجی رابطے كی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں كہا ہے كہ قیصر بنگالی كو این ایف سی ایوارڈ كے بلوچستان سے غیر سركاری ركن كے طور پر مقرر كردیا گیا ہے، ڈاكٹرقیصر بنگالی بلوچستان سے اچھا انتخاب ہیں اور اگلے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان كا كیس لڑیں گے۔

ڈاكٹر قیصر بنگالی سابق وزیراعلیٰ ڈاكٹر عبدالمالک بلوچ كے كنسلٹنٹ برائے معاشی معاملات اور وزیراعلیٰ پالیسی ریفارمز یونٹ كے سربراہ كے طور پر بلوچستان میں خدمات سرانجام دے چكے ہیں۔
واضح ر ہے كہ ڈاكٹر قیصر بنگالی سے قبل جاوید جبار كو بلوچستان سے این ایف سی ایوارڈ كا ركن مقرر كیا گیا تھا جن کی نامزدگی پر بلوچستان كے سیاسی حلقوں نے نہ صرف شدید تنقید كی بلكہ ان كے خلاف بلوچستان ہائی كورٹ سے رجوع كیا جس پر جاوید جبار خود مستعفی ہوگئے۔

یاد رہے کہ آئین كے مطابق ہر 5 سال بعد این ایف سی تشكیل دی جاتی ہے جس میں وفاق اور صوبوں كے وزراء قانونی حیثیت ركھتے ہیں جبكہ كمیشن میں ہر صوبے سے ایک غیر حكومتی ركن كی شمولیت لازمی ہے۔ صدر مملكت ڈاكٹر عارف علوی نے 12 مئی كو 10 واں قومی مالیاتی كمیشن ایوارڈ تشكیل دیا تھا۔