کورونا وائرس، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سفری پالیسی میں مزید سختی کر دی

  • July 27, 2020, 12:04 pm
  • National News
  • 165 Views

کورونا وائرس کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سفری پالیسی میں مزید سختی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے نئے قوانین جاری کر دیئے ہیں جن پر 31 اگست تک ہر صورت عمل کیا جائے گا۔ سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ اعلانیہ میں بتایا گیا ہے کہ مسافروں کو بٹھانے سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا جب کہ جہاں ممکن ہو ایک سیٹ چھوڑ کر بورڈنگ پاس جاری کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ دوران پرواز سیٹ بدلنے پر پابندی اور تمام مسافروں کا ماسک پہننا لازم ہوگا، ساتھ ہی ہر مسافر کا ڈیڑھ گھنٹے بعد درجہ حرارت چیک کرنا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کسی مسافر کا درجہ حرارت زیادہ ہو گا تو اسے کورونا ٹیسٹ حکام کی مرضی سے مشروط ہے جس کے بعد اگر کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آتی ہے تو متاثرہ شخص کو قرنطینہ کر دیا جائے گا جبکہ اسے تمام اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔
اعلامیے میں جہاز کے کپتان کی کورونا حفاظتی انتظامات پر تسلی اور ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ائیر لائن اور سی اے اے حکام کے دستخط لازم قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے دوران پرواز سارے عملے کے لئے حفاظتی سوٹ کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں ڈھائی گھنٹے سے کم دورانیہ کی پروازوں کے مسافروں کو کھانا فراہم کرنے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی قدم جما لئے تھے جس کے بعد فضائی سفر پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ لیکن بعدازاں اسے مرحلہ وار جاری کر دیا گیا تھا جس کے بعد اب ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔