پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

  • July 28, 2020, 3:08 pm
  • National News
  • 131 Views

پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، صوبے کے سرکاری ادارے عید کی تعطیلات کے سلسلے میں 31 جولائی سے 2 اگست تک بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عیدالاضحی پر تین چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری محکمے تعلیمی ادارے سمیت دیگر ادارے 31 جولائی سے 2 اگست تک بند رہیں گے۔
پیر 3 اگست سے تمام سرکاری ادارے دوبارہ سے کھل جائیں گے۔ دوسری جانب ڈاکٹر شہبازگل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں جمعہ،ہفتہ اور اتوار کی ہوں گی۔ ڈاکٹر شہبازگل نے عید کی تعطیلات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر 3 چھٹیاں دی جائیں گی۔ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عید کیلئے صرف 1 چھٹی دی جائے گی، تاہم حکومت نے اس کی تردید کر دی ہے۔
واضح رہے کہ رویت ہلال کمیٹی نے کچھ روز قبل اعلان کیا تھا کہ ملک میں یکم اگست کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد گزشتہ عید کی طرح اس مرتبہ بھی رویت ہلال کمیٹی اور فواد چوہدری کے درمیان تنازع کھڑا ہو گیا ۔ رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے ایک روز بعد وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر عید الاضحیٰ رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہوگی، تاہم بدھ 22 جولائی کی شام کو جس نے بھی ذی الحج کا چاند دیکھا، اس نے یہی کہا کہ یہ دوسرے دن کا چاند ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے عید 31 جولائی کو کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں رویت ہلال کمیٹی نے 21 جولائی کو ہونے والے اجلاس کے بعد اعلان کیا تھا کہ چونکہ بادلوں کی وجہ سے چاند نہیں دیکھا جا سکا، اس لیے عید الاضحیٰ 31 جولائی کی بجائے یکم اگست بروز ہفتہ کو ہوگی۔