چلاس میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، ملزمان کی فائرنگ سے 2 شہریوں سمیت 7 اہلکار شہید

  • July 28, 2020, 3:18 pm
  • Breaking News
  • 154 Views

گلگت بلتستان: چلاس میں سی ٹی ڈی گلگت کی کارروائی کے دوران ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 شہریوں سمیت 7 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔

چلاس کے علاقہ رونئی محلہ میں رات گئے سی ٹی ڈی پولیس گلگت نے مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے خفیہ اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جس ہر وہاں موجود ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی گلگت کے 5 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 شہری بھی جاں بحق ہوئے جب کہ زخمی اہلکاروں کو ریسکیو 1122 نے آر ایچ کیو اسپتال چلاس منتقل کردیا ہے۔ شہید اہلکاروں میں انسپکٹر سہراب، سپاہی جنید علی، سپاہی شکیل، سپاہی اشتیاق، سپاہی غلام مرتضی شامل ہیں۔ ایس پی دیامر شیر خان شہید اہلکاروں میں سی ٹی ڈی کا انسپکٹر بھی شامل ہے جب کہ رات گئے کارروائی پر تحقیقات کی جارہی ہے۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس پارٹی پر حملہ افسوس ناک ہے،چلاس واقعے میں شہید پولیس افسران اور جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ دہشت گرد بھاری اسلحے کا ناجائز کاروبار اور اسے دہشت گردی کیلئے استعمال کرتے تھے، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔