عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد پہلا کاروباری روز، ڈالر کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوگیا

  • August 4, 2020, 10:58 am
  • Business News
  • 157 Views

عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد پہلا کاروباری روز، ڈالر کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوگیا، انٹربینک مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت ایک مرتبہ پھر 167 روپے کی سطح سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد آج پیر کو پہلے کاروباری روز کے دوران ہی ڈالر کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
بتایا گیا ہے کہ انٹر بینک میں امریکی ڈالر 48 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 167 روپے 46 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔



عید سے قبل آخری کاروباری روز کے دوران بھی ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے تک کا اضافہ ہوا تھا۔ عید سے قبل 30 جولائی کو آخری کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 166 روپے 98 پیسے ہو گئی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو حالیہ کچھ دنوں کے دوران بیرون امداد اور قرضوں کی مد میں اربوں ڈالرز موصول ہوئے ہیں، اس کے باوجود کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل بیرونی ادائیگیوں اور ڈالر کی طلب میں اضافے کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی ہو رہی ہے۔