حکومت کا ستمبر میں ایس اوپیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

  • August 4, 2020, 10:58 am
  • Education News
  • 378 Views

وفاقی حکومت نے ستمبر میں ایس اوپیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ستمبر میں تعلیمی ادارے کھولنے پر صوبائی وزرائے تعلیم نے بھی اتفاق کیا ہے، تاہم اگست کے دوسرے ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی اعلان نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی اجازت کے بعد کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت جولائی میں صوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس ہوئی، کانفرنس اجلاس میں ستمبر میں تعلیمی ادارے کھولنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء نے وزیرتعلیم شفقت محمود کی تجویز سے اتفاق کیا ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ایس اوپیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔
بعد ازاں نو جولائی کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پندرہ ستمبر سے ایس اوپیز کے ساتھ سکول کھول دیے جائیں گے۔

جبکہ سرکاری سکولوں کو پندرہ جولائی اور نجی اداروں کو دس اگست سے ایڈمن آفسز کھولنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ ملک میں کورونا کی صورتحال میں بتدریج بہتری آئی ہے، اگر حالات اسی طرح برقرار رہے اور کیسز کی لہر دوبارہ نہ اٹھی تو 15 ستمبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل سکتے ہیں۔ سکولوں کی بندش سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔
مزید برآں وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث اگست یا ستمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں تعلیمی ادارے کھولنے کے معاملے پر بین الاقوامی وزرائے تعلیم کانفرنس بھی طلب کر لی ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی کانفرنس 5 اگست کو منعقد ہوگی۔ صوبائی وزرائے تعلیم اور دیگر اعلی حکام ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں این سی اوسی کی اجازت کے تحت سکول کھولنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ابھی فی الحال این سی اوسی نے تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ دوسری جانب حکومتی اجلاسوں میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا یومیہ بنیاد پرجائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم اب ملک میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا ہے۔ حکومت پنجاب نے کورونا صورتحال کنٹرول میں دیکھتے ہوئے قبل ازوقت لاک ڈاؤن ختم کردیا ہے۔
حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا اطلاق گزشتہ رات بارہ بجے کے بعد فی الفور ہو چکا ہے۔ جبکہ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹیفکیشن17اگست تک نافذالعمل رہے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر اور تمام اضلاع میں کریانہ اسٹورز صبح 9بجے سے شام 7بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔ تعلیمی ادارے شادی ہالز، ریسٹورانٹ، پارکس، سینماء ہالزبدستور بند رہیں گے۔جبکہ میڈیکل اسٹورز، پنکچرزشاپس، اور تندور 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ صوبے میں بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی 24 گھنٹے چلانے کی اجازت دے دی گئی۔