باڑہ میں قبائلی بزرگوں نے اکھاڑے گئے پودے خود جا کر دوبارہ لگا دیے

  • August 10, 2020, 12:22 pm
  • National News
  • 176 Views

خیبرپختونخواہ کے ضلع خیبر میں قبائلی عمائدین اور بزرگوں نے اکھاڑے گئے پودے خود دوبارہ لگا دیے، باڑہ میں شجرکاری مہم کے تحت لگائے ہوئے پودوں کو مقامی نوجوانوں نے اکھاڑ پھینکا تھا، مقامی عمائدین کے دوبارہ پودے لگانے سے متنازع اراضی والا ایشو دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر میں مہم شجرکاری کے حوالے سے تینوں تحصیلوں میں بڑے بڑے پروگرام منعقد ہوئے۔
جس میں ڈی سی، اے ڈی سی، متعلقہ اے سی، متعلقہ ایم پی اے اور ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سمیت مختلف لوگوں نے شرکت کی۔ اور مہم شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے ضلع خیبر میں ریکارڈ پودے لگائے جس پر لوگوں نے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
باڑہ میں پروگرام کے اختتام کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا کہ کچھ مشتعل لوگ لگائے گئے پودے اکھاڑ رہے ہیں جس پر ضلعی انتظامیہ خیبر حرکت میں آگئی۔

واقعے کی تحقیقات کرائی گئی تو پتہ چلا کہ یہ واقع دو قبیلوں کے باہمی زمین تنازعہ اور غلط فہمی کی وجہ سے پیش آیا۔ ضلعی انتظامیہ نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔ سرغنہ گرفتار ہوا۔
تاہم مزید گرفتاریوں کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس قبیلے کے لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے معززت کی اور اکھاڑے گئے پودوں کو دوبارہ خود لگا کر مزید پودے لگانے کا عہد کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شجرکاری مہم اور ٹائیگر فورس پلانٹیشن ڈے پر مزید ہزاروں پودے رضاکارانہ طور پر لگانے کا اعلان کیا۔