چوہدری برادران کا مسجد وزیرخان میں ناچ گانے کے ذمے داروں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ

  • August 10, 2020, 12:24 pm
  • National News
  • 86 Views

چوہدری برادران نے مسجد وزیر خان میں ناچ گانے کے ذمہ داروں کو فورا گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا۔مسجد وزیرخان میں گانے کی ویڈیو فلمانے کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ کے قائدین چودھری برادران نے کہا ہے کہ صد افسوس ابھی تک اس کا ارتکاب کرنے والے آزاد ہیں۔چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر لاکھوں قربانیاں دے کر یہ ملک کیا اس لیے قائم کیا گیا تھا کہ یہاں رقص ہو؟ مساجد میں کتنی دیدہ دلیری سے ناچ گانا ہو رہا ہے جو کہ شریعت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے قائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ مسجد وزیرخان میں ناچ گانے کے تمام ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
تاکہ آئندہ کوئی ایسی ناپاک جسارت نہ کر سکے۔انہیں واقعی مثالی سزا دی جانی چاہئے۔چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سر عام ایسا کرنے اور اس کی اجازت دینے والوں کو ابھی تک پکڑ کر جیل میں نہیں ڈالا گیا۔مسجد وزیرخان میں ناچ گانے کی قبیح حرکت پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر گانے کی عکس بندی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اورجو بھی ذمہ دار ہو، اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا واقعہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ مسجد مقدس ترین مقام ہے اور کسی کو بھی مسجد کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جو بھی ذمہ دار ہوا،وہ قانون کے تحت سزا سے بچ نہیں پائے گا۔ مساجد کے تقدس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔