گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن سے مزید 15 مریض جاں بحق ہو گئے

  • August 10, 2020, 12:30 pm
  • COVID-19
  • 151 Views

اسلام آباد: گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن سے مزید 15 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز اور اموات میں کمی آ رہی ہے، مزید پندرہ اموات کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 6097 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 539 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 17799 ہو گئی، جب کہ اب تک مجموعی طور پر تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 660 ہے۔

اب تک کرونا کے 2 لاکھ 60 ہزار 764 مریض وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 776 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا کے 20 ہزار 495 ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ اب تک مجموعی طور پر 21 لاکھ 47 ہزار 584 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے لیے مختص 1859 وینٹی لیٹرز میں سے اس وقت 149 پر مریض موجود ہیں۔

صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 23 ہزار 849 ہو چکی ہے، پنجاب 94 ہزار 477 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، خیبر پختون خوا میں 34 ہزار 692 کیسز سامنے آ چکے ہیں، بلوچستان میں 11 ہزار 906 کیسز، اسلام آباد میں 15 ہزار 261 کیسز، گلگت بلتستان 2 ہزار 334، جب کہ آزاد کشمیر 2 ہزار 141 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔