بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، 6 افراد جاں بحق، درجنوں مویشی بھی بہہ گئے

  • August 10, 2020, 12:32 pm
  • Weather News
  • 226 Views

کوئٹہ: بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، 6 افراد اور درجنوں مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔

بلوچستان میں مون سون بارشوں سے تباہ کاری کاسلسلہ جاری ہے. بولان میں بی بی نانی پل کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، کوئٹہ سبی شاہراہ بند ہونے سے سندھ اور پنجاب سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے، ندی میں زیادہ پانی ہونے کے باعث پل کی مرمت کا کام شروع نہیں ہوسکا تاہم علاقے میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کا کام جاری ہے۔

دوسری طرف بولان میں شدید طغیانی کے باعث گیس سپلائی لائن بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس سے صوبے بھر کے صارفین کو پریشانی کا سامنا ہے جب کہ ایس ایس جی سی حکام کے مطابق صورتحال معمول پر آتے ہی مرمت شروع کر دی جائے گی۔


ادھر کوسٹل ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں کی انتظامیہ کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔